کوٹلی (تیمور لون) جموں کشمیرنیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری جناب سردار نیاز نے اخباری نمائندہ سے خصوصی گفتگو کے دوران گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی سازشوں کے خلاف رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر ایک نا قابل تقسیم وحدت ہے اور اس وحدت کو پارہ پارہ کرنے کیلئے بین الاقوامی سازشیں ہو رہی ہیں جنہیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔
جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی ایسی تمام سازشوں اور موجودہ حالات میں گلگت بلتستان کو پاکستان کا آئینی صوبہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کریگی جس کیلئے ہماری صفوں میں اعتماد اور یکجہتی ہی ہماری جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے ۔ ہم مادر وطن متحدہ جموں کشمیر کی قومی آزادی اور غیر طبقاتی سماج کے قیام تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے جموں کشمیرنیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کے کنونشن کے بارے میں کہا کہ برطانیہ میں موجود جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے کارکنان متحد رہیں اور دیگر پارٹیوں کے آلہء کار بن کر پارٹی کو نقصان نہ پہنچائیں جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کے کنونشن سے متعلقہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کی نیشنل کونسل میں متفقہ طور پر جو فیصلہ کیا گیا جس کو توڑ موڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔
نیشنل کونسل کے فیصلہ پر برطانیہ برانچ کے تمام ممبران اس کے پابند ہیں۔ اس میں ابہام پیدا کرنے والے نظریہ کے ساتھ مخلص نہیں اورپارٹی سمیت ہماری مسلسل جدو جہد کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیرنیشنل عوامی پارٹی ترقی پسند اور انقلابی نظریات کی حامل ایک قوم پرست سیاسی جماعت ہے اور جماعت سے جڑے تمام لوگ جماعتی آئین کے پابند ہیں۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں میں کھلونا بن کر پارٹی کو نقصان پہنچانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائےگی ۔ پارٹی کی نیشنل کونسل اور مرکزی کابینہ جیسے اعلیٰ اداروں میں ہونے والے جمہوری اور مشترکہ فیصلوں پر عملدرامد لازم ہے۔ ایسے فیصلوں پر عوامی فورم یا سوشل میڈیا پراعتراضات کی بجائے پارٹی فورم پر ہی زیر بحث لانا چاہئیے۔
پارٹی کی برطانیہ برانچ کا بحران عارضی ہے جس کیلئے مرکزی کابینہ اور نیشنل کونسل نے مشترکہ فیصلوں میں پالیسی واضح کر دی ہےکہ برطانیہ زون کی کابینہ کے فیصلوں کی حمایت کی جائے گی اور برطانیہ میں پارٹی کارکنوں کو بھی کابینہ کے فیصلوں کی پیروی کرنی چاہئے۔ برطانیہ میں پارٹی کنونشن برانچ کابینہ کی ذمہ داری ہے اور کابینہ ہی کے زیر نگرانی کنونشن کی حیثیت آئینی تصور کی جائیگی۔
شوکت مقبول بٹ اس وقت برطانیہ زون کے کوآڈینیٹر اور مرکزکے نمائندہ ہیں اور کسی بھی بحرانی کیفیت میں برانچ کابینہ پارٹی امور میں ان سے مشاورت جاری رکھے۔