گلگت: 7 اہلکاروں سمیت 10 ملزمان 7 مارچ تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Gilgit

Gilgit

گلگت (جیوڈیسک) سانحہ نانگاپربت میں ملوث4 خطرناک قیدیوں کو ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے فرار کرانے کے الزام میں گرفتار جیل عملے کے 7 اہلکاروں سمیت 10 ملزمان کو 7 مارچ تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالےکردیاگیا۔

جبکہ دو مفرور قیدیوں کا تعاقب جاری ہے۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے فرار ہونے والے دہشت گردوں لیاقت الیاس اور حبیب الرحمان کو پولیس نےجمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات مِناور کے مقام پر گھیرا۔ پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ دہشتگردوں سے رات بھر فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں ایس ایچ او دنیور ہاتھ میں گولی لگنے سے زخمی بھی ہوئے۔

یہاں دہشت گرد ایک بار پھر پولیس کو چکما دیکر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مفرور قیدیوں کا تعاقب کیا جارہا ہے۔ ادھر دہشت گردوں کو فرار میں مدد دینے کے الزام میں گرفتار ڈسٹرکٹ جیل گلگت کے 7اہلکاروں سمیت 10ملزمان کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزمان کو 7مارچ تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے سیکریٹری داخلہ سبطین احمد کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔