اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ ماضی میں گرل فرینڈ اور پراپرٹی ڈیلروں کو بلیو پاسپورٹ جاری کیے گئے، جس پر قائمہ کمیٹی نے بلیو پاسپورٹ رکھنے والے تمام افراد کی فہرست طلب کرلی۔
اجلاس میں اے این پی کے سینیٹر شاہی سید نے الطاف حسین کے پاسپورٹ کا معاملہ بھی اٹھایاقائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت ہوا، اے این پی کے سینیٹر شاہی سید نے سوال کیا کہ اب تک الطاف حسین کو پاسپورٹ کیوں جاری نہیں کیا گیا۔ اس پر پاسپورٹ حکام نے جواب دیا کہ پاسپورٹ کیلیے ابھی تک درخواست نہیں دی گئی۔
ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی کا کہنا تھاکہ الطاف حسین پاکستانی ہیں، چاہے پاکستان آئیں یا نہ آئیں، پاسپورٹ حاصل کرنا ان کا حق ہے۔ سینیٹر پرویز رشید نے بتایا کہ ماضی میں سیاسی بنیادوں پر غیر ضروری دفاتر قائم کیے گئے، ان کی فہرست کمیٹی میں پیش کی جائے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں گرل فرینڈ، پراپرٹی ڈیلروں اور دوستوں کو بھی بلیو پاسپورٹ جاری کیے گئے۔
کمیٹی نے پاسپورٹ حکام کو ایک ہفتے میں بلیو پاسپورٹ رکھنے والوں کی فہرست فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ پاسپورٹ حکام نے بتایا کہ اے ٹی ایم اور آن لائن پاسپورٹ فیس کی وصولی کا منصوبہ زیر غور ہے، ای پاسپورٹ کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ نومبر 2015 تک غیر ملکی مشنز میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی سہولت دستیاب ہو گی۔