کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ بین الصوبائی انڈر16 گرلز تائی کوانڈ چیمپیئن شپ میں سندھ نے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ بر قرار رکھا ہے سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس ناظم آباد میں جاری تائی کوانڈ چیمپین شپ میں سندھ کی مہوش انصر اور امینہ قاضی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی حریف کھلاڑیوں کو بالترتیب کے پی کے کی صبیحہ ابرار اور پنجاب کی نور العین کو شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا دیگر میچز میں کے پی کے کی ماہیا ابرار نے38 کلو کیٹگری میں گلگت کی علیمہ کریم کو گلگت بلتستان کی کومل حسین نے پنجاب کی مہر النساء کو، کے پی کے کی عروج نے سندھ کی آسیہ کو اور گلگت کی ملیحہ علی نے بلوچستان کی فخر النساء کو شکست کا داغ لگاکر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
کل سیمی فائنل اور فائنل مقابلوں کے ساتھ ساتھ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد بھی سندھ اسپورٹس بورڈ ناظم آباد میں ہوگا وزیر اعلیٰ کے پارلیمانی سیکریٹری برائے اسپورٹس سکندر علی شورو مہمان خصوصی ہونگے جبکہ ان کے ہمراہ سیکریٹری اسپورٹس محمد راشد، ڈائریکٹر اسپورٹس احمد علی قریشی، سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد پرویز بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر لاڑکانہ محمد حسین ملکانی اور کنسلٹنٹ سندھ اسپورٹس بورڈ رازق حسین ربانی بھی ہونگے۔