انڈر 16 گرلز تائی کوانڈو چیمپیئن شپ سندھ نے چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا

PSB Tae Kwando Championship

PSB Tae Kwando Championship

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ بین الصوبائی انڈر 16 گرلز تائی کوانڈو چیمپیئن شپ میں سندھ کی مہوش انصر’انوشہ علیم’ کنول اور امینہ قاضی نے گولڈ میڈل جیت کر سندھ کو چیمپیئن بنا دیا۔

سندھ اسپورٹس بورڈ ناظم آباد میں ہونے والی تائی کوانڈو چیمپیئن شپ کے فائنل مقابلوں میں 35 کلو گرام کیٹیگری میں سندھ کی امینہ قاضی نے بلوچستان کی سپنا کو38 کلو گرام کیٹیگری میں سندھ کی کنول نے خیبر پختونخواہ کی مدیحہ ابرار کو41 کلو گرام کیٹیگری میں سندھ کی انوشہ علیم نے گلگت بلتستان کی ستارہ طاہر کو44کلو گرام کیٹیگری میں سندھ کی مہوش انصر نے گلگت بلتستان کی کومل حسین کو جبکہ48 کلو گرام کیٹیگری میں گلگت بلتستان کی ملیحہ علی نے خیبر پختونخواہ کی عروج کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔مجموعی طور پر سندھ نے40 پوائنٹ کے ساتھ پہلی’گلگت بلتستان نے24 پوائنٹ کے ساتھ دوسری اور خیبر پختونخواہ19 پوائنٹ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پنجاب چوتھے اور بلوچستان پانچویں نمبر پر رہا۔وزیراعلیٰ کے پارلیمانی سیکریٹری برائے اسپورٹس ڈاکٹر سکندر شورو مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور شہید ہونے والے معصوم طالب علموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا آج کی اس تقریب کے تمام پروگرام ملتوی کرتے ہوئے صرف سادگی کے ساتھ میڈل دیکر اس کا اختتام کریں گے کیونکہ ہم شہیدوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں’ ڈاکٹر سکندر شورو نے گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں کے لئے15 ہزار’ سلور میڈلسٹ کے لئے10ہزار اور برانز میڈلسٹ کے لئے5 ہزار روپے کیش انعام کا اعلان کیا۔

ڈائریکٹر اسپورٹس احمد علی قریشی نے شہید ہونے والے بچوں کے حق میں دعائے مغفرت کرائی بعد ازاں وزیراعلیٰ کے پارلیمانی سیکریٹری برائے کھیل ڈاکٹر سکندر شورو نے ڈائریکٹر اسپورٹس احمدعلی قریشی’سینئرڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی’ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس لاڑکانہ’پاکستان اسپورٹس بورڈکے ڈائریکٹر رفیع احمد پیرزادہ اور کنسلٹنٹ سندھ اسپورٹس بورڈ رازق حسین ربانی کے ہمراہ فاتح کھلاڑیوں میں میڈل’ٹرافی’میرٹ سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات تقسیم کئے ڈاکٹر سکندر شورو نے چیمپیئن سندھ کے منیجر انجم حسین اورکوچ نورین کو بھی دس دس ہزار روپے کا کیش انعام دیا۔

سلیم عارف
پی آر او
0345-2977708