سڈنی (جیوڈیسک) غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ اور ٹیم مینجمنٹ نے گلین میکسویل پر جرمانے کا فیصلہ کیا۔
ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں آسٹریلین کرکٹر اور اپنی ڈومیسٹک کرکٹ ٹیم وکٹورین کے کپتان میتھیو ویڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قیادت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان سے پہلے بیٹنگ کے لیے آ جاتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں بہتر کارکردگی دکھانے کا موقع نہیں ملا اور اسی وجہ سے وہ قومی ٹیم کے سلیکٹرز کو متاثر کرنے میں بھی ناکام رہے۔
کینگروز کپتان اسٹیون اسمتھ نے اس حوالے سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس واقعے پر دلی صدمہ پہنچا ہے تاہم اس وجہ سے میکسویل کی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شمولیت کا امکان ختم نہیں ہوا۔ اسمتھ کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کو چاہئیے کہ وہ ایک دوسرے کا احترام کرنے کے ساتھ اپنے مداحوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کی بھی عزت کریں۔