CH Shahzad Akhtar Ceremony Briefing Mission Global Affairs
اسلام آباد : گلوبل افئیرز انٹر نیششنل میگزین کی تقریب رونمائی کے سلسلے میں برطانوی پارلیمنٹ کے دارالعوام میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے برطانوی زعماء نے شرکت کی۔ رواں برس فروری میں اسلام آباد سے باقاعدہ اشاعت کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ برطانیہ میں اس کا باقاعدہ آغاز کیاگیا ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی برطانیہ سے تعلق رکھنے والی مشہور سیاسی شخصیت عمران حسین تھے جو کہ بریڈ فورڈ سے ممبر پارلیمنٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مشہور سیاسی شخصیت بھی ہیں۔ دیگر اہم شرکاء میں لارڈ قربان حسین ، فیصل خواجہ ، سابق لارڈ مئیر خادم حسین، ڈپٹی لارڈ مئیر عابد حسین ، چیف ایزیکٹو نور ٹی وی مس سمیرا فرخ، مس ستارہ انجم ، ایڈمن اوورسیز سولیڈیرٹی مسٹر کے خان اور کونسلر عاصم رشیدسر فہرست ہیں جبکہ دوسری طرف برطانیہ سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی ایک بڑی تعداد بھی اس تقریب میں شریک ہوئی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز سابق ممبر پارلیمنٹ بلوچستان اسمبلی مس فرح عظیم شاہ نے بطورایگزیکٹو ایڈیٹر کیا ۔ انھوں نے تمام شرکاء کو تقریب میں شرکت کرنے پر خوش آمدید کہا اور شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے گلوبل افئیرز کا مشن اور مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل افئیرز ایک خاص مشن کے تحت کام کر رہا ہے اور وہ مشن ہے لوگوں میں باہمی محبت کو بڑھاتے ہوئے باہمی نفرتوں کو ختم کرنا۔ گلوبل افئیرز دنیا کے 15بڑے ممالک میں کام کر رہا ہے ۔ اس کے دائرہ کار میں پاکستان سمیت امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، چائنہ ، جاپان ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر بڑے ممالک آتے ہیں۔ ان ممالک میں ہمارے نمائندے اس مشن کو پھیلا رہے ہیں ۔ یہ لوگ گلوبل افئیرز کے لئے ایک بیش قیمت سرمایہ ہیں۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ آنے والے دنوں میں ہمارے مشن کی آواز دنیا بھر میں گونجے گی۔
پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے حوالے سے بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں عشروں سے جو دوستانہ تعلقات چلے آ رہے ہیں اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ اس تقریب کے دوران پاکستان کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے مس فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک دہائی سے پاکستان کو ایک غیر محفوظ ملک قرار دیا جا رہا ہے جسکی بنیادی وجہ یہاں کے حالات اور موجودہ سیاسی صورت حال ہے ۔ اس کے علاوہ دہشت گروی جیسے واقعات سے اور بھی ملکی حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں ۔ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے میں آج کی اس تقریب کے حوالے سے میںسب کو باہمی امن کے قیام کی دعوت دیتی ہوں ۔ ہمارا میگزین دنیا میں ان تمام لوگوں کی آواز بنے گا جو امن کے داعی ہیں ۔ پاکستان گزشتہ عشرہ سے دہشت گردی جیسی لعنت کا شکار ہے جس میں ہم لاکھوں معصوم اور بے گناہ لوگوں کی جان گنوا بیٹھے ہیں ۔ ہم ظالم نہیں بلکہ مظلوم ہیں ۔میں آج اس تقریب کے حوالے سے عالمی برادری سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ پاکستان سمیت افغانستان ، عراق، شام، لیبیااور کشمیر میں امن و امان قائم کرنے میں ہنگامی بنیادوں پر انپا کردار ادا کرے۔
بلوچستان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ بلوچستان امن کا خطہ ہے۔ یہاں کچھ بیرونی طاقتیں امن وامان اور حالات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیںجن کا قلع قمع کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کی ایک غیور بیٹی ہونے اور ایک سیاست دان ہونے کے ناطے میں نے بلوچستان کی مظلوم عوام کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی اور تاحیات اٹھاتی رہوں گی۔ پاکستان اور دنیا بھر میں میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میڈیا کو کسی بھی ریاست کا پانچواں ستون مانا جاتا ہے۔ اگر میدیا اپنا کردار صحیح طریقے سے ادا کرے تو امن امان قائم کیا جا سکتا ہے۔ میڈیا میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے نہ صرف ملک و قوم کا نام روشن کیا جا سکتا ہے بلکہ دنیا بھر میں ملکی وقار کی بقاء بھی اسی سے ممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم گلوبل افئیرز کے ذریعے دنیابھر کو پاکستان کے حوالے سے وہ پیغام دے رہے ہیں جو کہ شاید اس سے پہلے نہ دیا گیا ہو۔
اس موقع پر چوہدری شہزاد اختر نے بطور چیف ایڈیٹر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل افئیرز نے وہ کر دکھایا جس کا اس نے وعدہ کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ آج کی یہ تقریب ہمارے ان مخلص دوستوں کی وجہ سے منعقد ہوئی جنھوں نے نہ صرف ہماری پذیرائی کی بلکہ اس تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار بھی ادا کیا۔ میں ان تمام دوستوں کا تہ دل سے مشکور ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ میرا تعلق پاکستان کے ایک انتہائی پسماندہ جبکہ سب سے زرخیز صوبہ بلوچستان سے ہے۔ بلوچستان کے مظلوم عوام کے حقوق کی بات ہم نے ہر فورم پر پہنچائی اور آئیندہ بھی پہنچاتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن سے پورے ملک میں امن قائم ہو گا ۔ انھوں نے اس عزم کااظہار بھی کیا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ممبر پارلیمنٹ عمران حسین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ گلوبل افئیرز ایک منفرد میگزین ہے جس نے تھوڑے ہی عرصہ میں وہ کچھ کر دکھایا جو کہ بڑے بڑے ادارے بھی نہ کر سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں نے بہت سے میگزین دیکھے مگر اس کے منفرد انداز نے مجھے بہت متاثر کیا۔ میں امید کرتا ہو ں کہ آنے والے دنوں میں یہ میگزین اپنے مقاصد حاصل کر کے کامیابی سے ہمکنار ہو گا ۔ انھوں نے گلوبل افئیرز کی پوری ٹیم کو خصوصی مبارکباد بھی دی اور ہر طرح کے تعاون کا یقین بھی دلایا۔ اس تقریب میں اظہار خیال کرنے والے دیگر شرکاء میںلارڈ قربان حسین ، فیصل خواجہ ، سابق لارڈ مئیر خادم حسین، ڈپٹی لارڈ مئیر عابد حسین ، ڈائریکٹر نور ٹی وی مس سمیرا فرخ، مس ستارہ انجم ، ایڈمن اوورسیز سولیڈیرٹی مسٹر کے خان اور کونسلر عاصم رشید شامل ہیں۔ ان تمام شرکاء نے گلوبل افئیرز کی پوری ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد دی اور عالمی امن اورباہمی محبت کے قیام میں ان کی کوششوں کو سراہا۔
Miss Farah Azeem Shah Global Affairs Magazine Ceremony Marking Presented