اسلام آباد (پ۔ر) صدر سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ شہیر سیالوی نے کہاہے کہ یورپ سمیت عالمی برادری مسئلہ کشمیرکے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے کشمیریوں کی مدد کرے۔
صدر سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ شہیر سیالوی نے کہاکہ دنیابھرمیں کشمیریوں کے ہمدرد اور سپورٹرز موجودہیں اور اسی وجہ سے کہاجاسکتاہے کہ کشمیری ہرگز تنہانہیں۔
مقبوضہ کشمیرکی صورتحال بہت خراب ہے۔ آئے دن بھارتی افواج مظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھارہی ہیں۔ گذشتہ سال پیلٹ گن کو بھارت نے جنگی ہتھیارکے طورپر استعمال کیااور کئی لوگوں کی جان لے لی اور بڑی تعدادمیں لوگوں خصوصاً نوجوانوں کو آنکھوں سے محروم کردیاہے۔
کشمیریوں کے اتحادواتفاق کے بارے میں صدر سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ نے کہاکہ کشمیری چاہے مقبوضہ کشمیرسے ہوں یا آزادکشمیرسے، یاپھر باہر رہنے والے، تمام کشمیریوں کے مابین اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ہمیں یک زبان ہوکربھارتی مظالم کے خلاف اورآزادی کے حق میں آوازبلند کرناہوگی۔انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں اس نئی غیرقانونی آبادکاری سے روکاجائے جس کا مقصد کشمیر میں آبادی کا تناست تبدیل کرناہے۔
انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بھارت اپنی فوجیں کشمیرسے باہر نکالے اور کشمیریوں کواپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق دیاجائے۔کشمیری مسئلہ کشمیرکے اصل فریق ہیں ان کی مرضی کے بغیرکوئی بھی حل قابل قبول نہیں ہوگا۔ انھوں نے مزیدکہاکہ کشمیربھارت کا حصہ نہیں اورنہ ہی کوئی علاقائی یا دوطرفہ تنازعہ ہے بلکہ یہ بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ مسئلہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجودہیں۔