اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے انٹرنیشنل کمیونٹی اور بیرو نی ممالک میں آباد کشمیریوں و پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب زدگان کی کھلے دل سے بھرپور انداز میں مدد کریں تاکہ پاکستان اور بالخصوص آزاد کشمیر میں سیلاب متاثرین کی بحالی کو ممکن بنایا جا سکے ، مشکل کی اس گھڑی میں آزاد کشمیر کا بچہ بچہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں ساتھ ہے
ہم انکی مدد کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومتیں آزاد کشمیر میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر امدادی کا ر ر و ا ئیا ں تیز کریں اور متاثرین تک فوری امداد پہنچائی جائے ۔بیرسٹرسلطان نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں کھلے دل سے امداد مہیا کرے کیونکہ آزاد کشمیر میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے اربوں روپے کے فنڈز درکار ہیں لہٰذااس سلسلے میں فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے آزاد کشمیر کے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسے ہر سطح پر مسترد کرتے ہیں۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم یور پین یونین، یو ایس ایڈ، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر عالمی ڈونرز اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں سیلاب زدگان کی مدد کریں تاکہ اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی سے نبرد آزما ہو نے میں مدد مل سکے۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں تاہم متاثرین سیلاب کی مدد کی جائے تاکہ وہ دوبارہ ایک نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہو سکیں۔