برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضاسید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خصوصاً خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے سنجیدہ اقدامات کرے۔عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے ایک بیان میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیریوں کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے حقوق کے لئے آواز بلند کریں گے۔
انھوں نے کہاکہ ۔عالمی برادری خاص طورپر بڑی طاقتوں کوچاہیے کہ وہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکوائیں۔بڑی تعداد میں خواتین مشکلات کا شکارہیں۔ہزاروں خواتین ایسی ہیں جن کے مرد بھارتی فوج کے ہاتھوں جبری طورپرلاپتہ ہوچکے ہیں۔ کسی کا خاوند ، کسی کا باپ ، کسی کابھائی اور کسی کابیٹالاپتہ ہے۔
یہ افراد ماورائے عدالت جعلی مقابلوں میں مارے جاچکے ہیں یا کوئی پتہ ہیں۔ ان کی خواتین اپنے پیاروں کی منتظرہیں۔ مشکلات کایہ سلسلہ سترسالوں سے جاری ہے لیکن ان کے مصائب کم نہیں ہورہے۔ ان میں دن بدن اضافہ ہورہاہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سیدنے کہاکہ ہم حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اورمقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ہماری جدوجہد کا مقصد یورپ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ، کشمیریوں کی مشکلات کو کم کرنے اور انہیں عالمی برادری سے حمایت کے حصول میں مدد فراہم کرناہے۔