ابوجا (جیوڈیسک) نائیجیریا میں گزشتہ چھ ہفتوں سے ایبولا سے متاثرہ ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔ عالمی ادارہ صحت کے حکام کا کہنا ہے جان لیوا وائرس کے خلاف ہنگامی اقدامات اثر دکھا رہے ہیں۔
نائیجیریا کے دار الحکومت میں گفتگو کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ایبولا سے متاثرہ دیگر افریقی ممالک نائجیریا کو سامنے رکھتے ہوئے اقدامات کریں۔ دوسری جانب برطانوی ماہرین نے ایبولا وائرس کا علاج دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایبولا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کا خون ایبولا سے متاثرہ افراد کو بیماری سے نجات دلا سکتا ہے۔ اس تجربے کے ذریعے ایبولا وائرس سے متاثر ہونے والی برطانوی اور ہسپانوی نرسوں کا کامیابی سے علاج کیا جا چکا ہے۔ ایبولا وائرس سے اب تک ساڑھے چار ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔