عالمی قیادت کا بھارتی خواب پاکستان سےبہتر تعلقات کے بغیر ممکن نہیں، ڈینیل فیلڈمین

Daniel Feldman

Daniel Feldman

واشنگٹن (جیوڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے ڈینیل فیلڈمین نے کہا ہے کہ بھارت کا عالمی قیادت کا خواب اور اس کی ترقی پاکستان سے تعلقات بہتر کیے بغیر نہیں ہوسکتی۔

واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل کے فورم سے اپنے خطاب میں ڈینیل فیلڈمین نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے لیے سب سے اہم بھارت کے ساتھ اس کے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ا نھیں یقین ہے کہ ترقی اور عالمی قیادت کا بھارتی خواب بھی اس وقت تک پورا نہیں ہوسکتا۔

جب تک اس کے پاکستان سے تعلقات بہتر نہ ہوجائیں۔ انہوں نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی کے حالیہ واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اور کہا کہ معاملے کو بات چیت سے حل کیا جائے۔ فیلڈمین نے دہشت گردی میں معصوم پاکستانی شہریوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا۔

اور دہشت گردی کے خاتمے اور اس کے خلاف اقدامات پر وزیر اعظم نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے بہتر نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

آپریشن کے نتیجے میں جنگجوئوں کے سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں، تاہم کام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے کیونکہ پاکستانی طالبان اور حقانی نیٹ ورک اب بھی نہ صرف پاکستان بلکہ اس کے ہمسایہ ممالک اور امریکا کے لیے خطرہ ہیں۔ ہمیں ہرممکن کوشش کرنا ہوگی کہ ان کی پناہ گاہیں دوبارہ نہ بن سکیں۔