عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہو گیا

Gold

Gold

اسلام آباد (جیوڈیسک) شمالی کوریا کے ایٹمی تجربوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک فیصد اضافے کے بعد ایک سال کے دوران بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

پیر کو عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک فیصد اضافے کے ساتھ 1338 اعشاریہ 36 ڈالرز فی اونس تک پہنچ گئی جو کہ گزشتہ سال ستمبر کے بعد بلند ترین سطح ہے۔

ایف ایکس ٹی ایم میں مارکیٹ ریسرچ کے نائب صدر جمیل احمد کے مطابق سونے کی قیمت میں اضافہ شمالی کوریا کے حالیہ ایٹمی تجربوں اور مجموعی طور پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ہوا ہے۔

جمیل احمد کے مطابق اس کشیدگی میں سرمایہ کار ایک محفوظ سرمایہ کاری کی جانب راغب ہو رہے ہیں، یہ صورتحال بظاہر تبدیل ہوتی نظر نہیں آ رہی اس لیے سرمایہ کار سونے کی مزید خریداری کریں گے۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا نے اتوار کو اپنا چھٹا ایٹمی تجربہ کیا جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ ایک ایڈوانس ہائیڈروجن بم کا تجربہ تھا۔ اس تجربے کے بعد امریکا نے دھمکی دی ہے کہ اگر اس سے اسے یا اس کے اتحادیوں کو کوئی خطرہ ہوا تو وہ جواب میں ’بڑی فوجی کارروائی ‘ کرے گا۔