کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی بازار میں سونے کی قیمت 9 ڈالر بڑھ گئی جب کہ پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں کوئی کمی بیشی نہ ہوئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالر کے اضافے سے 1704 ڈالر کی سطح تک پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتیں بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہیں۔
منگل کے روز کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 95 ہزار 500 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت 81 ہزار 875 روپے پر مستحکم رہی۔
بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آج فی تولہ سونے قیمت دبئی گلڈ مارکیٹ کے مقابلے میں 5000 روپے کم ہے۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 960 روپے پر مستحکم رہی اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 823 روپے کی سطح پرمستحکم رہی ہے۔