عالمی منڈی کیلئے مصنوعات کا معیار بڑھانا ہو گا: وزیر تجارت

 Khurram Dastgir

Khurram Dastgir

بہاولپور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے کاروبار کو ترقی دینے کیلئے اس میں جدت لانا ہو گی، عالمی منڈی میں جگہ بنانے کیلئے کاروباری مصنوعات کی قدر و قیمت اور معیار بڑھانے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف کا مشن ہے کہ ملک بھر میں تجارت ترقی کرے اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں اور اس سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی، بہاولپو راکنامک ڈیولپمنٹ فورم اس خطے کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی اور کاروباری طبقے کی کامیابی کیلئے اہم اقدام ہے جس کے ممبران نئی سوچ اور نئے نظریات کی مدد سے ویژن 2040 کے لیے بہاول پور میں کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

وہ گزشتہ روز بہاولپور چیمبر کے زیر اہتمام مختلف بزنس کی ترقی و ترویج اور انٹر نیشنل مارکیٹ میں اپنا مقام حاصل کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بزنس کو ترقی دینے کیلئےاس میں جدت لانا ہو گی اور اپنے بزنس پراڈکٹ کی ویلیو کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں جگہ حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بہاول پور چیمبر آف کامرس نے بہاول پور اکنامک ڈیولپمنٹ فورم کے ذریعے ویژن 2040 کے لیے شاندار اقدام اٹھایا ہے جس کی مدد سے آنے والے دنوں میں بہتر منصوبہ بندی اور تحقیق وتجربےسے انڈسٹری کے قیام اور کاروبار کے فروغ کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں معاشی ترقی لانے اور جدید انڈسٹری کے قیام کیلئے خودانحصاری پر عمل اور محنت اور لگن سے آگے بڑھنا ہو گا، ملک میں بزنس کے شاندار مواقع موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نیک نیتی اور ایمانداری سے کام کیا جائے۔ تقریب میں صدر چیمبر آف کامرس آغا امیر یوسف علی، سابق صدر ڈاکٹر رانا محمد طارق، ایس ای واپڈا فضل اﷲ درانی اور محمد زیاد نے بھرپور بریفنگ دی۔

اس موقع پروفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے ایوان صنعت و تجارت میں بہاو ل پور اکنامک ڈیولپمنٹ فورم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے شاندار کاوش پر بہاول پور چیمبر آف کامرس کی تعریف کی۔ قبل ازیں صدر چیمبر آف کامرس امیر یوسف علی، سابق صدر عاطف عزیز نے بہاول پور ویژن 2040 کے بارے میں آگاہی دی۔