راولپنڈی (جیوڈیسک) حکومت کی اصل کارکردگی کا اندازہ اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں کمی سے ہو گا، 23 نومبر سے ڈاکٹر طاہر القادری شہر شہر جاکر مظلوم عوام کو استحصالی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا حوصلہ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ناظمہ گل رعناء کی رہائش گاہ پر محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ایک پر وقار محفل کی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تہمینہ قیوم نے کہا کہ عوام کے حق میں آواز بلند کرنے کے جرم میں آج بھی ہمارے سینکڑوں کارکن بھائی قید و بند کی صعبتیں برداشت کر رہے ہیں، ماڈل ٹاؤن میں لاشیں گرانے والوں کا موازنہ یزید سے کیوں نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی بحران کو اپنی قابلیت کے بل بوتے پر چند ماہ میں ختم کرنے کے دعویدار وں کا کہنا ہے کہ سردیوں میں بھی دس دس گھنٹے لودشیڈنگ ہو گی، اقرباء پروری کی وجہ سے کئی مسلم لیگی زعماء موجودہ حکمرانوں کے خلاف بغاوت پر اتر آئے ہیں، نجکاری کے مسئلے پر اپوزیشن جماعتیں بھی ساتھ چھوڑتی دکھائی دیتی ہیں، عوام کی اکثریت اس بات کا اقرار کرتی ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کی وجہ سے حکومت پر زبردست دباؤ ہے کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائے، وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرے اور زیادہ سے زیادہ عوام کو ریلیف دے۔