لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو مقررہ اہداف مکمل کرنے کے لیے 30 جون تک کا ٹاسک دے دیا ہے۔ معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے محکمہ بلدیات کو ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں نے مانیٹرنگ بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ صفائی کے حوالے سے تمام کمپنیاں مکمل ایریا کلیئر کرنے کی پابند ہو نگی۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ڈور ٹو ڈور کلیکشن شروع کرنے کے لیے ضروری انتظامات، مطلوبہ گاڑیاں، آلات اور مشینر ی وغیرہ پوری کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ مقررہ تاریخ تک ڈسپوزل سٹیشنزکے حوالے سے بھی گائیڈ لائن کے مطابق بہتری لائی جائے گی۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹریکٹر کو بھی فنکشنل کرنے کے لیے مارچ تک کا ہدف دیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو بھی 30 جون تک اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور معاہدے پر پوری طرح عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور میں ڈور ٹو ڈور کلیکشن ماڈل قرار دئیے گئے ایریا سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موجودہ چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل جو سیکرٹری بلدیات بھی رہے ہیں اور کمپنیوں سے ہونے والے معاہدوں سے باخوبی واقف ہیں کی جانب سے پہلی مرتبہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے معاملات کو سنجیدہ لیا گیا ہے ، قبل ازیں ان پر چیک کی عملی طور پر کوئی کوشش نہیں ہوسکی تھی۔