ریونیوریکوری اہداف پورا نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کر دی گئی

Lahore

Lahore

لاہور : صوبائی سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے ریو نیو ریکوری کے 100 فیصد اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران و اہلکاران کے خلاف سخت اقدامات کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

ندیم اشرف نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ مالی سال ختم ہونے سے پہلے مطلوبہ ٹارگٹ پورا نہ کرنے پر متعلقہ افسران و اہلکاران کے خلاف سخت تادیبی اقدامات بروئے کار لائے جائیں اورایسے افسران و اہلکاران کی سختی سے بازپرس کے بعد ترقی روک دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈی سی اوز ریونیو افسران کی کارکردگی اور حاصل کئے گئے ریکوری ٹارگٹ کے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس ارسال کریں۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ ریکوری کے سلسلہ میں کسی قسم کی سفارش کو خاطر میں نہ لایا جائے اور 100فیصد ریکوری ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے افسران کی فہرستیں فوری طور پر تیار کی جائیں۔