خدا مجھے مسلمانوں پر جاری ظلم بند کرانے کی توفیق عطا فرمائے، براک اوباما

Barack Obama

Barack Obama

کوالمپور (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ وہ دنیا کے کسی حصے میں بھی مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کو ختم کرانا چاہتے ہیں اور ان کی دعا ہے کہ خدا انہیں اس کی توفیق دے۔ ملائیشیا کے دورے کے دوران امریکی صدر دارالحکومت کوالمپور کی سب سے بڑی نیشنل مسجد گئے جہاں انہوں نے مسجد کے امام اور مفتی اعظم اسماعیل محمد سے ملاقات کی، اس دوران انہوں نے اسلام اور مسلمانوں سے متعلق اپنے خیر سگالی کے جذبے کا برملا اظہار کیا اور مذہب اسلام کو وہی احترام دینے کی کوشش کی جو اس کے شایان شان ہے۔ اس موقع پر الشیخ اسماعیل محمد نے باراک اوباما سے کہا کہ وہ اثر ورسوخ کا استعمال کرتے ہوئے دنیا بھر میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کرائیں جس پر امریکی صدر نے امام مسجد سے کہا کہ آپ میرے لیے دعا کریں کہ خدا مجھے مسلمانوں پر مظالم بند کرانے کی توفیق عطا فرمائے۔

بعد ازاں ملائیشین خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے الشیخ اسماعیل محمد نے کہا کہ باراک اوباما دل سے اسلام کا احترام کرتے ہیں جس کا انہوں نے اپنی زبان سے بھی اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران امریکی صدر نے ان کی کئی باتوں کا جواب انشا اللہ کہہ کر دیا اور دنیا میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔