اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں آگے بڑھنے کیلئے صوبے نئے بنانا ہوں گے، اگر انتظامی طور پر صوبے بنتے ہیں تو پاکستان خوشحال ہو گا، پاکستان کو بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے، ہمیں بچوں کو حقوق دینا ہوں گے۔
تعلیم کو عام کرنا ہو گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل کی اسپیکر ایاز صادق سے تکرار ہو گئی۔ رشید گوڈیل نے اسپیکر سے کہا کہ انہیں خطاب کا موقع نہ ملا تو واک آؤٹ کریں گے۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر خود الطاف حسین سے بات کریں گے۔ رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ پارلیمانی روایت کے خلاف بات ہوئی، پارلیمانی لیڈر کو پہلے موقع دیا جاتا ہے، اس پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ آپ کو خطاب کا موقع دیا ہے، اب آپ بات کریں۔ رشید گوڈیل نے کہا کہ آپ کو برا لگتا ہے تو بیٹھ جاتا ہوں۔
انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہٹ دھرمی اور میں نہ مانوں کا رویہ ہی ہمیں لے ڈوبا۔رشید گوڈیل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں رہنے والے ہر شخص کے حقوق برابر ہیں، ہم بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنا پنجاب اور سندھ کا رہنے والا، کراچی کی سڑکوں پر 6 جنازے پڑے تھےکوئی کندھا دینےوالا نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر کا درج نہ ہونا ہی مسئلے کی وجہ ہے، اگر 17 تاریخ کو ایف آئی آر کٹ جاتی تو 18 کو کوئی اسکرپٹ نہ ہوتا۔ رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ ہم سے انہیں دہشت ہے جو جاگیردارانہ سوچ لیے بیٹھے ہیں،جمہوریت کا سب رونا روتے ہیں۔
ہم اس لیڈر کے ماننے والے ہیں جسے دنیا والے رائٹ مین کہتے ہیں، پارلیمانی لیڈرعہد کریں کہ وہ اپنے بچوں کو الیکشن نہیں لڑائیں گے۔ رشید گوڈیل نے کہا کہ ہمیں کبھی بھتا خور، کبھی دہشت گرد اور کبھی ٹارگٹ کلر کہا جاتا ہے، پیغام حق پرستی جامعہ کراچی سے پھیلا آج پنجاب کی گلی گلی تک پہنچ چکا، عوام کو تعلیم سے دوراس لیے رکھا گیا کہ تعلیم حاصل کرلی توشعور آجائے گا۔
20 کروڑ کی آبادی کےلیے 20 صوبے ہونے چاہئیں، جمہوریت جمہور کے لیے ہوتی ہے،عوام پریشان ہیں تو ہمیں تقریر کرنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 20 کروڑ عوام کا ہے،یہ کسی کے باپ دادا کا نہیں، حق دو، دل بڑا کر کے دھرنے والوں کی بات کیوں نہیں سنتے۔ ان کا کہنا تھا۔
کہ میں اپنے حلقے میں نہ بیٹھوں تو ہماری پارٹی وضاحت مانگتی ہے، پارٹی نے ایک سسٹم بنایا ہے کہ غریبوں کےبچوں کواسمبلی میں بھیجیں،ایم کیو ایم نے غریبوں کے بچوں کو اسمبلی میں بھجوایا،ہم آپ کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہیں، آپ بھی لوگوں کی بات سنیں۔ رشید گوڈیل نے مزید کہا کہ پاکستان پر برا وقت ہے، پاک فوج ملک کےتحفظ کی جنگ لڑرہی ہے،آج سیلاب آیا ہوا ہے، ہمیں اپنے علاقوں میں جانا چاہیے۔