سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 روپے مزید اضافہ

Gold

Gold

کراچی (جیوڈیسک) عالمی بلین مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کے نرخ میں 9 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور فی اونس سونے کی قیمت 1339 ڈالر ہو گئی، بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 400 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد کراچی، حیدر آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 51 ہزار 400 روپے سے بڑھ کر 51800 روپے ہو گئی۔

اسی طرح 343 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 44 ہزار 742 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 750 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کے تجربے پر حالات مزید بگڑنے کے خدشات کے باعث سونے میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔