سونے کی قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کو مقامی سطح پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 600 روپے کی مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔ آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے ہفتے کو فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید چھے سو روپے کمی کااعلان کیا گیا جس سے فی تولہ سونے کی قیمت 61800 روپے سے کم ہوکر 61200 روپے پر آگئی۔
ہفتے کو انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونا 20 ڈالر مزید سستا ہوا اور اس کی قیمت 1610 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ ایک ہفتے میں مقامی سطح پر فی تولہ سونا 1350 روپے سستا ہوچکا ہے جبکہ پانچ روز میں عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت 53 ڈالر نیچے آچکی ہے۔
گولڈ ڈیلرز کے مطابق عالمی منڈیوں میں سرمایہ کاروں کی جانب سے ان دنوں سونے میں سے سرمایہ کاری نکال کر دیگر کموڈیٹیز میں سرمایہ کاری کا رجحان ہے جس سے عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور یہ ہی چیز مقامی سطح پر سونے کی قیمت نیچے آنے کا سبب بن رہی ہے۔