سونے کی بڑھتی ہوئی نئی قیمتوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے

Gold

Gold

کراچی (جیوڈیسک) ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد منگل کو مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں۔

امریکی ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 3 ڈالر کی کمی سے 1288 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو فی تولہ اور10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 150 روپے اور 129 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔

سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 70 ہزار 700 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر60 ہزار 614 روپے کے ساتھ ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 10 روپے کے اضافے کے ساتھ 900 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 8 روپے 60 پیسے بڑھ کر 771 روپے 60 پیسے پر مستحکم ہو گئی۔