سنہری مچھلی کے دماغ کا خطرناک آپریشن

Fish

Fish

آسٹریلیا (جیوڈیسک) آسٹریلیا میں ایک گولڈ فش (سنہری مچھلی) سر میں نکل آنے والی ایک مہلک رسولی کے انتہائی خطرناک آپریشن کے بعد رو بہ صحت ہے۔
جارج نامی اس مچھلی کے آپریشن پر 200 امریکی ڈالر کے اخراجات آئے ہیں۔ اس دوران اسے مکمل بے ہوش کرنے والی دوا دی گئی تھی۔

اس گولڈ فش کی مالکن آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں رہتی ہیں۔ گولڈ فش کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر ٹرسٹان رچ نے میلبورن ریڈیو 3 اے ڈبلیو کو بتایا کہ ’اب مچھلی ہوش میں ہے اور ادھر ادھر تیر رہی ہے۔‘ جانوروں کا علاج کرنے والے اس ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ یہ دس سالہ گولڈ فش اب مزید 20 سال زندہ رہ سکتی ہے۔

لورٹ سمتھ اینیمل ہسپتال کے ڈاکٹر رچ نے کہا ’جارج کے سر پر بہت بڑی رسولی نکل آئی تھی اور رفتہ رفتہ بڑھ رہی تھی جس سے اس کی زندگی متاثر ہو رہی تھی۔‘ جارج کی مالکن کو دو متبادل دیے گئے تھے کہ آیا وہ اس کا آپریشن کرائیں یا اسے ختم کر دیں۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ ’مالکن اس سے اس قدر مانوس تھیں کہ انھوں نے آپریشن کا فیصلہ کیا۔‘

انھوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران مچھلی کو آکسیجن والے تالاب کا پانی اس کے گلز کے ذریعے پہنچایا جاتا رہا تاکہ وہ زندہ رہ سکے۔ ڈاکٹر نے 45 منٹ تک جاری رہنے والے اس آپریشن کو ’پیچیدہ اور مشکل‘ قرار دیا۔ انھوں نے بتایا کہ مچھلی کا آپریشن اس کے تیرتے رہنے کی حالت میں ہی کیا گیا اور یہ کہ جارج کو ہسپتال سے جلد ہی چھٹی مل جائے گی۔