ملتان (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح اچھی روایت ہے، جو منصوبے ایک حکومت شروع کرے دوسری حکومت آجاتی ہے تو وہ مکمل کرے۔
ملتان ائیر پورٹ کے نئے ٹرمینل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں نے وزیر اعظم نواز شریف سے کہا ہے کہ ایک حکومت منصوبے شروع کرتی ہے تو دوسری حکومت آکر منصوبے ختم کر دیتی ہے اس سے ملک کا نقصان ہوتا ہے اس طرح نہیں ہونا چاہیئے۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت ملتان تا فیصل آباد موٹروے منصوبہ جلد مکمل کرائے ، ملتان کے کینسر ہسپتال کی تعمیر جلد کی جائے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزیر اعظم نے میری تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کینسر ہسپتال منصوبے کی تعمیر کرنے کی بھی حامی بھری۔