کراچی (اسٹاف رپورٹر) گوسپل ویژن چرچ منسٹری آف پاکستان کے تحت شاہ رسول کالونی کلفٹن عبداﷲ شاہ غازی مزارکی چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جس میں نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور سانحہ یوحناآبادکے خلاف شدیدنعرے بازی کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے معروف مسیحی رہنما اور گوسپل ویژن چرچ منسٹری آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری (منارٹی)سندھ بشپ مبارک مسیح نے کہا کہ لاہوریوحناآبادمیں کی جانے والی دہشتگردی ظلم وبربریٹ کی برترین مثال ہے ناحق انسانوں کو قتل کرنے والے کا کسی مذہب ومسلک سے کوئی تعلق نہیں ایسے درندے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔وفاقی وتمام صوبائی حکومتیں مسیحی برادری، انکی عبادت گاہوں اور رہنمائوں کوفل پروف سیکورٹی فراہم کریں اور سانحہ میں ملوث افراد اور انکے مددگاروں کوفوری طورقوم کے سامنے لایاجائے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ چرچوں کی سیکورٹی کیلئے چرچ انتظامیہ کو اعتماد میں لیا جائے اور چرچ انتظامیہ کوفوری طورپراپنے تحفظ کیلئے اسلحہ لائسنس جاری کئے جائیں جبکہ علاقہ پولیس کو پابندکیا جائے کہ وہ چرچ کاسیکورٹی پلان چرچ کی باہمی مشاورت سے مرتب کریں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسیحی برادری کے عید”ایسٹر”پر انتہائی سخت ترین سیکورٹی کے انتظامات کرکے مسیحی برادری کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پرعارف بھٹی، جاوید مسیح، پرویز مسیح، یوسف مسیح، اقبال سندھو، رابی بی بی، شفیق گل، بلقیس بی بی، مسز اقبال مسیح ودیگر نے بھی خطاب کیا۔