کراچی (خصوصی رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق مشاورتی کونسلر بلدیہ عظمیٰ کراچی نور محمد انگریز نے کہا ہے کہ کراچی کے بین الاقوامی ائرپورٹ کے قریب واقع کراچی کی قدیم آبادی میں شمار ہونے والی بستی پہلوان گوٹھ کے مکین بلدیاتی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں بلدیاتی سہولیات کی فقدان کی وجہ سے عوام پینے کے پانی ،سیوریج مسائل اور صفائی وستھرائی جیسے بنیادی مسائل سے دو چار ہیں انہوں نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ کے ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر سے مطالبہ کیا ہے۔
یونین کونسل نمبر10کے علاقے اولڈ ایریا اور پہلوان گوٹھ میں درپیش بلدیاتی مسائل پر فوری توجہ دیں پیپلز پارٹی کے رہنماء نور محمد انگریز نے کہاکہ بڑھتے ہوئے بلدیاتی مسائل کی وجہ سے عوام شدید اذیت کا شکار ہیں صفائی وستھرائی کے انجام دہی پر مامور عملہ کبھی بھی پہلوان گوٹھ اور اولڈ ایریا میں نہیں آتا جس کی وجہ سے آبادی میں مہلک امراض کے پھونٹنے کا خطرہ ہے۔
نور محمد انگریز نے کہاکہ پہلوان گوٹھ اور اولڈ ایریا کے مکینوں کو پانی اور سیوریج کی بل کی ادائیگی کے باوجود طویل عرصے سے پانی کی عدم فراہمی اور سیوریج کے ابتر نظام کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے بلدیاتی اداروں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پہلوان گوٹھ اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں بلدیاتی مسائل کو فوری حل کرائیں اور کھنڈرات نما سڑکوں کی درستگی کو یقینی بنا یا جائے۔