نگراں حکومت ثابت کرے انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے، خورشید شاہ

Khursheed Shah

Khursheed Shah

پنوں (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو چاہیے کہ نگراں حکومت ثابت کرے انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے۔

پنوں عاقل میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ریاست میں کھلبلی اس الیکشن پر ہے اور الیکشن کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں، یہ الیکشن موجودہ وقت کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، حالات خطرے کی طرف جارہے ہیں اور الیکشن میں تاخیر ملک کے لیے بہتر نہیں ہوگا جب کہ مارشل لاء کا کوئی چانس نہیں۔ سیاستدانوں کا احتساب عوام کرتے ہیں اور یہ الیکشن صحیح معنوں میں سیاستدانوں کا احتساب ہوگا جب کہ شفاف الیکشن نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عوامی احتساب میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے، ریاستی استحکام کا انحصار شفاف الیکشن پر ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کی تقرری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پر (ن) لیگ کے خدشات درست ہیں۔

اس سے قبل سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کے خلاف تین صوبوں نے قراردادیں منظور کی ہیں، یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کا ہے لہذا وہاں ہی حل ہونا چاہیے، عدالت کو بھی چاہیے کالا باغ ڈیم کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں حل ہونے دے جب کہ کالا باغ ڈیم کے معاملے پر وفاق کو نئے چیلنجز درپیش آئیں گے۔

عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کو پیش ہونے کے حکم پر خورشید شاہ نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف پاکستان نہیں آئیں گے۔