حکمران دہشت گردی کے خاتمے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، مشتاق احمد مغل
Posted on April 10, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
سیالکوٹ: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما حاجی مشتاق احمد مغل نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران دہشت گردی کے خاتمے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ تسلسل کے ساتھ جاری رہنے والی دہشت گردی کی وارداتیں ہزاروں قیمتوں جانوں کو نگل چکی ہے ۔مذاکرات الٹی گنگا کی طرح بہہ رہے ہیں دہشت گردی کم ہونے کی بجائے بڑھتی جارہی ہے ۔ملک غیر محفوظ ہو کر رہ گیا ہے۔
عوام روز بروز لاشیں اٹھا کر تھک چکے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے سبی جعفر ایکسپریس اور راولپنڈی سبزی منڈی میں دہشت گردی کی وارداتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب حکمرانوں کی اخلاق ذمہ داری ہے وہ اقتدار سے دستبردار ہو کر دوبارہ سعودی عرب چلے جائیں۔ اگر موجودہ حکمران زیادہ دیر تک مسلط رہے توعوام دہشت گردی اور بھوک سے مرجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کا نتیجہ امن نہیں ریاست کا سرنڈر ہو گا،دہشت گرد کینسر بن چکے ہیں ۔ظالم کو معاف کرنا مظلوم کے ساتھ ظلم ہے۔ جن دہشت گردوں کے ہاتھ فوجیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ان سے ہاتھ ملانے والے قومی مجرم اور غدار ہیں۔ ملک کی تقدیر بدلنے کے دعویداروں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے پاکستان کو برباد اور بدصورت بنانے والے دہشت گرد بدبخت ہیں۔
دہشت گردوں سے وفاداری ملک سے غداری کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ‘بدامنی ‘اغواء برائے تاوان ‘لوٹ مار اور لوگوں کو روزگار میسر کرنے میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ ملک میں دہشت گردی ‘بدامنی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ہر طرف افراتفری ہے ‘حکمران ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ملک کو مزید تباہی کی طرف دھکیلنے کی بجائے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ۔ورنہ مستعفی ہو جائیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com