میرے دوست عبدالحق بلوچ نے خوش ہوکرمجھ سے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2.73روپے کم کردی ہے، اِس کی اِس معصومیت پر مجھے ترس بھی بہت آیااور غصہ بھی بہت آیا مگرچوں کہ یہ میراجگری دوست ہے اِس لئے میں اِس سے اتناہی کہہ سکاکہ .. ارے جاؤیا چھوڑو…؟کیا یہ بھی کوئی کمی ہے ..؟کرنا ہی تھا کہ پانچ یا دس روپے کم کرتی تو کوئی بات ہوتی ..؟ دو روپے اور چند پیسے کم کرکے حکومت نے کوئی احسان تو نہیں کیا ہے …؟حکومت بڑھانے پہ آتی ہے تو پانچ سات روپے یکدم سے بڑھادیتی ہے اور اِسے جب کم کرنامقصودہوتو ہاتھ مسل کر کلیجہ تھام ہر صرف ایک یا دوروپے کم کرکے یہ سمجھتی ہے کہ اِس نے کوئی اتنابڑااحسان کردیاہے کہ قوم اِس کے ہی گُن گاتی رہے بس ..درحقیقت حکومت نے جب بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو یہ سمجھ کر کیا ہے کہ ”قوم بلبلاتو اُٹھے گی مگردوچاردن بعدخودہی عادی ہوجائے ” اور جب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنی ہوتی ہے تو بھی وہ یہ سمجھتی ہے کہ ”قوم اِسے ہنس کر برداشت کرلے گی۔
” آج وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں صرف پیٹرول کی قیمت میں 2روپے 73پیسے فی لیٹرکی کمی کرکے یہ سمجھ لیا ہے کہ اِس نے پیٹرول کی قیمت میں اُونٹ کے منہ میں زیرہ جتنی کمی کرکے جیسے موچھیں کاٹ کر مہنگائی کا مُردہ ہلکاکردیاہے..؟جبکہ ہوناتو یہ چاہئے تھاکہ اِس نام نہاد عوامی تکالیف کا دردرکھنے والی عوام کے لئے بے سُودجمہوری حکومت کے مجبور و بے کس وزیراعظم میاں نوازشریف 28فروری والی پیٹرول کی قیمت میں زیادہ نہیں تو کم ازکم فی لیٹرپانچ سے دس روپے کمی کا اعلان کرتے توپھر عوام کے دلوں میں نوازحکومت کے لئے یہ تاثرضرورپیداہوتاکہ چلو…!اَب تک(آٹھ ، نو ماہ ) کی بے سُودجمہوری حکومت کے کچھ توجمہوری ثمرات عوام کو اچھے انداز سے ملنے شروع ہوگئے ہیں، مگر یہاں افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑرہاہے ، وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں تو چٹکی برابرکمی کردی ہے مگر ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقراررکھ کر بھی بڑاظلم کیا ہے ، آج حکومت کو چاہئے تھا کہ جب اِس نے جان دباکر پیٹرول کی قیمت میں 2روپے 73پیسے کی کمی کی تھی تووہیں حکومت ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی فوری کمی کا اعلان کردیتی تو اِس کا کیا جاتا…؟اور اَب بھی اِس کا کیا جائے ..؟جو اِس نے پیٹرول کی قیمت میں آنکھ کے سرمہ جتنی کمی کی ہے..؟
Mohammad Nawaz Sharif
جبکہ یہاں یہ امرانتہائی غورطلب ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے اعلان جیسے چھوٹے چھوٹے کاموں کے لئے بھی وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈارکے درمیان گزشتہ جمعہ کو ایک ملاقات ہوئی جس میں دونوں حکومتی ذمہ داران اور قریبی رشتے داروں اور کاروباری مائنڈرکھنے والے حضرات نے فیصلہ کیا کہ عوام کو زیادہ نہیں بس تھوڑابہت ریلیف دینے کے خاطرساری پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نہیں صرف پیٹرول کی قیمت میں صرف2روپے73فیصدکمی کا اعلان کرکے عوام پر یہ احسان جتایا جائے کہ حکومت نے عوام کی تکالیف دورکرنے اور اِنہیں بے لگام مہنگائی سے نجات دلانے کاتہیہ کر لیا ہے اور ابھی اِس حوالے سے صرف پیٹرول کی قیمت میں کمی کی جارہی ہے مگر دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گیں۔
یوں اطلاعا ت کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخ کا اطلاق یکم مارچ 2014 کی رات 12 بجے سے ہوگیاہے، خبر ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ، مگراعشاریوں میں کمی کرنے والی حکومت لونڈی اوگرانے اپنی سفارشات میں یکم مارچ 2014 سے ایچ اُوبی سی کی قیمت میں 1.31 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 0.49 روپے،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1.08 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 0.31روپے اضافہ جبکہ پیٹرول کی قیمت میں صرف 2.73 روپے فی لیٹرکمی کی سفارش کی جبکہ ہمارے کاروباری مائنڈرکھنے والے ہماری بے سُودجمہوری حکومت کے وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے مُلک میں قیمتوں میں استحکام کو برقراررکھنے اور قومی خزانے کے خالی ہونے کے ڈرکی وجہ سے صرف پیٹرول کی قیمت میں 2.73 روپے کمی کرتے ہوئے دیگرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پربرقراررکھنے کا فیصلہ کرکے یہ سمجھ لیاکہ اِنہوں نے اپنی مہنگائی سے ستائی بے کس اور مجبورالحال قوم پر کوئی بڑااحسان کردیاہے
حالانکہ ایساکچھ نہیں ہے جیساکہ نوازشریف سمجھ رہے کہ اور اِس پر سُونے پہ سُہاگہ یہ کہ جب وزیراعظم نوازشریف پیٹرول کی قیمت میں(نہ ہونے جتنی ) کمی کا فیصلہ کررہے تھے تو اِس موقع پر وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈار وزیراعظم کو چیخ چیخ کر یہ جتارہے تھے کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے اِس فیصلے کے نتیجہ میں مارچ کے مہینے میں وزارتِ خزانہ کو تقریباََایک ارب روپے کی سبسڈی دنیاہو گی، لہذااپنے اِس فیصلے پر ایک بارضرور نظرثانی کرلیں کہیں ایسانہ ہو کہ عوام کی عادت خراب ہو جائے اور عوام دوبارہ کمی کا مطالبہ کریں تو ہم سبسڈی دیتے دیتے تھک جائیں مگرعوام کے مطالبات کم نہ ہو، مگر وزیراعظم نواز شریف نے اِن کی ایک نہ سُنی اور اُنہوں نے سیاسی مصالحتوں کی بناپر کچھ دِنو ں کے لئے پیٹرول کی قیمت میں صرف 2.73 روپے فی لیٹرکمی کا پھر بھی اعلان کردیاہے آج جس پر بے شک عوام تو نہ خوش ہیں مگر اِنہیں اِس موقع پر پہلے ہی ذہنی طورپر تیارہوناچاہئے کہ اگلے دنوں میں پیٹرول کی قیمت پھر پانچ روپے بڑھادی جائے گی لہذاعوام اِس کمی کو بھی بہت جان کر ہنس نہیں تو کم ازکم مسکرا تو ضرور دیں۔
آج کیا ہماری یہ جمہوری حکومت کا قومی المیہ نہیں ہے ..؟ کہ آج تک اِس جمہوری حکومت نے دہشت گردی اور مہنگائی جیسے معاملات سمیت کسی بھی معاملے میں قوم کو ایک رّتی برابر بھی ریلیف نہیں دیا ہے، کہنے کو تو یہ ایک جمہوری حکومت ہے…؟ مگر افسوس ہے کہ اِس جمہوری حکومت کا دل عوام کے درسے غافل ہے، موجودہ حالا ت میں ایسے لگتا ہے کہ اگرعوامی معاملات میں حکومت کا یہی حال رہاتو پھر یہ حکومت اپنی پہلی سالگرہ منانے سے قبل یا اگلی سالگرہ سے پہلے ہی اپنا بوریا بستراسمیٹ کرو ہیں چلی جائے گی جہاں اِس سے پہلے والی چلی گئی ہے اور ویسے بھی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے قائد الطاف حُسین کہہ چکے ہیں کہ ” پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے اور مُلک کی سلامتی کے لئے وزیراعظم اور آرمی چیف کو ایک پیچ پر آجاناچاہئے اگر حکومت اور فوج دہشت گردوں کے خلاف ایک پیچ پر نہیں آتے توپھرفوج سے کہوںگاکہ وہ ریاست کی رٹ قائم کرنے ، مُلک کو دہشت گردی سے نجات دلانے اور مُلک کو بچانے کے لئے آگے بڑھے اور ٹیک اوورکرلے،اوراُنہوں نے یہ بھی کہاہے کہ آج مُلک کی سلامتی کو جس قسم کے خطرات لاحق ہیں توہمیںفیصلہ کرناہوگاکہ مُلک کو بچایاجائے یا جمہوریت کو، مُلک ہوگاتو جمہوریت ہوگی، ” آج ایم کیو ایم کے قائد کے کہئے ہوئے اِن جملوں کے بعد مہنگائی اور دہشت گردی کے ستائے عوام بھی یہی سوچ رہے ہیں کہ ٹھیک ہے بے لگام ہوتی مہنگائی اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی فوری روک تھام کے لئے فوج جلدازجلد ٹیک اوور کرلے عوام فوج کو خوش آمدید کہیں گے۔