لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تحریک چل پڑی، مقصد حاصل کیے بغیر نہیں رکے گی، حکمرانوں کو احتساب سے بھاگنے نہیں دیں گے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حکومت مخالف تحریک کیلئے نکالی جانے والی لاہور فیصل آباد ریلی کی قیادت کے لیے لاہور پہنچ گئے، اس موقع پر انہوں نے کارکن پر زور دیا کہ لاہور فیصل آباد ریلی میں بھر پور شرکت کریں، پنجاب کے شہر شہرجاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دبئی سے لاہور پہنچے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لاہور آنےکا مقصد 19 جنوری کی لاہور، فیصل آباد ریلی کی تیاریوں اور تجاویز کو حتمی شکل دینا ہے، اپنی آمد کے فوری بعد بلاول بھٹو نے پارٹی کی صوبائی اور مرکزی قیادت سے ریلی کے روٹ اور دیگر امور پر مشاورت کی۔
انہوں نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بھی کل بلاول ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کی ہےجن سے ملاقات میں بلاول کے دورۂ جنوبی پنجاب اور ملتان جلسے اور ریلیوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
بلاول بھٹو پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، پارٹی ذرائع کے مطابق ملتان جلسے میں اہم سیاسی شخصیات پیپلز پارٹی میں شمولیت متوقع ہے۔