کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی عدم بازیابی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہاہے کہ جب تک دہشت گردوں کی قید سے تمام معصوم لوگوں کوآزاد نہیں کرایا جاتا۔ تب کسی بھی قسم کے مذاکراتی عمل کاکوئی جواز نہیں۔
جمعے کو اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج سے ایک سال قبل علی حیدرگیلانی کو اغوا کر لیا گیا تھا،ان کے 2 سالہ بیٹے نے اپنی آدھی زندگی اپنے باپ کے بغیر گزار دی۔
معصوم لوگوں کی دہشت گردوں کی قید سے فوری رہائی کے بغیر مذاکرات کے کسی بھی عمل کاجواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے حکومت پر زور دیاکہ وہ علی حیدر گیلانی، شہباز تاثیر، پروفیسر اجمل اور دیگر مغویوں کی بازیابی کیلیے فوری اقدامات کرے۔