گجرات (جی پی آئی) حکومت پنجاب کی ہدایت پر سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے گورنمنٹ ڈیف اینڈ ڈیفکیٹو ہیئرنگ سکول نارووالی میں سپیشل بچوں نے شہدائے سانحہ پشاور کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، ایم پی اے حاجی عمران ظفر،اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا تقریب کے مہمانان خصوصی تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نور العین ، ای ڈی او سی ڈی سی ڈی چوہدری محمد اصغر ، ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف ، اے ڈی ایل جی محمود اقبال گوندل ، ڈی او سوشل ویلفیئر چوہدری امجد کلیر، چیئرمین بیوٹیفکیشن اینڈ ڈویلپمنٹ حاجی اورنگزیب بٹ ، لالہ سعید احمد ، چوہدری خرم ، میاں مخدوم احمد و دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر سپیشل بچوں نے ٹیبلو ، ملی نغمے اور اشاروں کے ساتھ قومی ترانہ پیش کیا۔
ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کی شہداء پوری قوم کے بچے ہیں انکے مقد س خون نے قوم کو نیا عزم اور دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی جرات دی۔ انہوںنے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس افسوسناک سانحہ کے بعد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور پاک افواج کے بہادر افسران و جوانوں نے جرات و بہادری کی نئی داستان رقم کرتے ہوئے ملک دشمنوں کا صفایا کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہدا ء کی عظیم قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور شہیدوں کاخون روشن چراغ بن کر اہل وطن کی راہنمائی کرتا رہے گا۔حاجی عمران ظفر ایم پی اے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آج ان سپیشل بچوں کے درمیان موجود ہیں انہوںنے اساتذہ کرام اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا جس طرح سپیشل بچوں نے ٹیبلو پیش کیے یقین نہیں آتا ہے کہ یہ سپیشل بچے ہیں۔
سانحہ پشاور نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھدیا حکومت کی طرف سے پورا ہفتہ سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں منایا جا رہا ہے یہ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منایا جا رہا ہے کہ پاکستان کی پوری قوم متحد ہے۔اس موقع پر حاجی اورنگزیب بٹ ، سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس چوہدری وحید الدین نے بھی خطاب کیا ۔ اختتام پر مہمانان گرامی نے بچوں کی بہترین پرفارمنس پر انعامات دئیے۔