حکومتی بے حسی سیلابی تباہی کو سانحہ میں بدل رہی ہے’ سولنگی اتحاد

Flood

Flood

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیلاب کی قدرتی آفت نے چترال ‘ گلگت بلتستان اور پنجاب میں تباہی پھیلانے کے بعد اب سندھ اور بلوچستان کا رخ کرلیا ہے جبکہ سندھ کے حکمران سرحد ‘ پنجاب اور وفاقی حکومت کی طرح بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے مؤثر حفاظتی اقدامات کی بجائے تباہی و بربادی کے انتظار میں ہیں تاکہ اس تباہی کی بنیاد پر دنیا بھر سے امداد سمیٹ کر تجوریوں اور اکاؤنٹس میں موجود حرام کی دولت میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔

پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی نے سرداراکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی اور سردار خادم حسین سولنگی کے ہمراہ میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چترال ‘ گلگت و بلتستان اور جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہی اس بات کی متقاضی ہے کہ سندھ و بلوچستان میں حفاظتی اقدامات کے ذریعے نقصانات سے عوام کو محفوظ بنایا جائے مگر حکمران اس سلسلے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہے۔

گوکہ افواج پاکستان کی طرح سولنگی والنٹیئر کور سندھ اور بلوچستان کے کچے کے علاقوں میں عوام کو جانی ومالی نقصان سے بچانے اور ان کی امدادو بحالی کیلئے پوری طرح مستعد ہے مگر جو کام حکومت کرسکتی ہے وہ کسی سیاسی وفلاحی جماعت یا نجی ادارے کے بس کی بات نہیں اور حکومتی بے بسی سیلابی تباہی کو بڑے سانحات میں تبدیل کررہی ہے اسلئے اب عوام صرف اللہ سے ہی رحم کی دعا کرسکتے ہیں کیونکہ یہ حکمران عوام کی شخصیت پرستی ‘ تعصب و لسانیت پرستی اور خوف وڈر کا نتیجہ ہیں۔