اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت پر کالے سائے اب بھی منڈلا رہے ہیں۔ سازشیں دوبارہ ہو سکتی ہیں۔ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم مگر پاکستان میں بجلی کی قیمت بڑھا ئی جا رہی ہے۔
قومی اسمبلی میں نقطہ اعتراض پر قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان میں اڑتیس فیصد بجلی فیول سے پیدا ہوتی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی فی بیرل قیمت چھتیس ڈالر تک کم ہوئی ہے مگر پاکستان میں قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوجی ڈی سی ایل نے ایک سال میں ایک سو چوبیس ارب روپے کا منافع کمایا لیکن منافع بخش اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔
نجکاری سے متعلق حکومت اپوزیشن سے مشاورت کرے۔ اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ اسٹیل ملز پہلی مرتبہ بند ہو چکی ہے۔ ہزاروں لوگ بے روزگارہوجائینگے،، حکومت سرمایہ کاروں کو زیادہ تحفظ دے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پر کالے بادل اب بھی چھائے ہوئے ہیں۔ سازشیں دوبارہ بھی ہو سکتی ہیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔