حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب، گرفتار ملازمین کو رہا کرنے کا اعلان

Protesters

Protesters

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حکومتی ٹیم اور سرکاری وفاقی ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور گزشتہ روز احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے ملازمین کو رہا کر دیا گیا ہے۔

سرکاری ملازمین کے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کرنے والی حکومتی ٹیم کے رکن پرویز خٹک کا شیخ رشید اور علی محمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معذرت خواہ ہیں جو بھی کل ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کو 20فیصد ایڈہاک ریلیف دیا جائے گا، جون میں بجٹ سے اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا ہے، ایڈہاک ریلیف بجٹ آنے سے پہلے ملتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹائم اسکیل خیبرپختونخوا میں منظور ہو گیا ہے، باقی صوبے بھی کریں گے، ٹائم اسکیل کا ایک طریقہ کار بنایا جائے گا کہ کس کو ملنا چاہیے کس کو نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گریڈ1 سے 19 گریڈ تک کے ملازمین کو ایڈ ہاک ریلیف ملے گا اور جب تک پے کمیشن کا فیصلہ نہیں آئے گا تب تک ایڈہاک ریلیف جاری رہےگا۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کا حق ہے کہ وہ اپنی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کریں، ایسا نہیں کہ کسی ایک کی تنخواہ زیادہ جبکہ دوسرے کی کم ہو، وزیراعظم عمران خان تفریق ختم کرنے آئے ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے تمام گرفتار ملازمین کو رہا کرنے کا ا علان کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں میں اضافہ وفاقی اور سیکرٹریٹ ملازمین کے لیے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے بھی اگلے بجٹ میں اضافہ ہو گا، گریڈ ون سے 19 گریڈ تک تمام باتیں باہمی اتفاق رائے سے طے ہو گئی ہیں۔