حکومت کرنا سویلینز کا کام، دفاع فوج کا کام ہے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ حکومت کرنا سویلینز کا کام ، دفاع فوج کا کام ہے، لیکن جہاں عدالت عظمیٰ کے جج کو دھاندلی میں ملوث قرار دیا جائے تو پھر فوج کو عوام کا ساتھ دینے کیلئے بھی تیار رہنا چاہیے۔

فوج سے کہتا ہوں کہ ایک دفعہ تو مظلوم پاکستانیوں کو ان کا حق دلانے کے لیے ان کا ساتھ دے دیجیے۔ الطاف حسین کراچی میں منعقد کی گئی اپنی سالگرہ کی تقریب سے لندن سے خطاب کر رہے تھے۔

اسی تقریب سے خطاب میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں نئے انتظامی یونٹس نہ بنائے گئے اور بلدیاتی انتخابات نہ کرائے گئے تو یہ ضد پاکستان کو دنیا کے نقشے سے مٹا دے گی۔

ملک بچانا ہے تو فی الفور لوکل باڈیز سسٹم لایا جائے۔ الطاف حسین نے اپنے پارٹی ورکرز سے کہا کہ پارٹی کے کچھ رہنما جاگیردار بن گئے اور ان کی گردن میں سریا آ گیا، وہ سریا آرام سے نکال دوں گا۔ اس تقریب میں ایم کیو ایم کے کارکنوں اور رہنماؤں نے الطاف حسین کے ساتھ تجدید وفا کا عہدبھی کیا۔