چکوال : پاکستان تحریکِ انصاف شمالی پنجاب کے سینئر نائب صدر اور ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے گورنمنٹ کالج چکوال کے اساتذہ کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جتنا پرانا یہ کالج ہے اور جتنا زیادہ رقبہ اس کی ملکیت ہے اسے بہت پہلے یونیورسٹی کا درجہ مل جانا چاہیے تھا ۔چکوال سے بڑے طاقتور وفاقی وزرا بھی رہے اور سینیٹر بھی لیکن کسی کو بھی یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ اس مادرِ علمی پر توجہ دے جس کے شاید وہ خود بھی طالب علم رہ چکے ہیں۔
موجودہ دور میں C اینڈW کی منسٹری بھی اگرچہ چکوال کے پاس ہے مگر کالج میں کھیل کے میدان اجڑے پڑے ہیں جبکہ صرف چند کروڑ روپوں کی مدد سے اس کیمپس کو ایک خوبصورت کیمپس بنایا جا سکتا ہے لیکن اب یہاں پر سنا یہ جا رہا ہے کہ گرلز انٹر کالج کی بلڈنگ بنائی جا رہی ہے اس سے کالج کے رقبے میں کمی ہو گی اور مستقبل میں اسے یونیورسٹی بنانے کی راہ میں رکاوٹ پڑے گی۔لہٰذا وہ یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ لڑکیوں کا کالج ضرور بنایا جائے مگر اس کے لئے گورنمنٹ کالج چکوال کی بجائے کسی اورجگہ کا انتخاب کیا جائے ورنہ پاکستان تحریکِ انصاف ہر طرح کی قانونی اور سیاسی جدوجہد کرے گی۔