گورنمنٹ کامرس کالج برائے خواتین جلالپور روڈ گجرات میں جشن بہاراں و سالانہ تقریب تقسیم انعامات کی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی
Posted on March 20, 2013 By Noman Webmaster گجرات
گجرات(ضیاء سید سے) گورنمنٹ کامرس کالج برائے خواتین جلالپور روڈ گجرات میں جشن بہاراں و سالانہ تقریب تقسیم انعامات کی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی ، تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد افضل تھے ، جبکہ تقریب کی صدارت پرنسپل مس ثوبیہ عامر نے کی ، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ، جس کی سعادت امةالرحمن نے حاصل کی ، جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ عیلہ وآلہ وسلم کا شرف مہوش نواز نے حاصل کیا۔
مس آسیہ یونس نے کالج کی کارکردگی رپورٹ پیش کی ،جبکہ کلام اقبال تابندہ کومل ، صوفیانہ کلام عندلیب مرزا اور لوک گیت مہوش نواز نے پیش کیا ، تقریب کے آغاز سے قبل ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد افضل نے کالج میں فیتہ کاٹ کر اور پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا اور طالبات نے جشن بہاراں کے سلسلہ میں مختلف کھیلوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب میں بیسٹ اتھیلٹ اور پلیئر کا پہلا انعام اقراء خالق ، بیسٹ پلیئر کا دوسرا انعام کرن سکندر ، ارو بیسٹ پلیئر کا تیسرا انعام نوشین ذوالفقار نے حاصل کیا ، جبکہ سپورٹس ، تعلیم اور دیگر مقابلہ جات میں الگ الگ نمایاں کردار ادا کر کے ادارہ ہذا اور گجرا ت کا نام روشن کرنے پر 92طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔
تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ گورنمنٹ کامرس کالج برائے خواتین جلالپور روڈ گجرات کی انتظامیہ کی دن رات کوششوں اور محنتوں سے ادارہ نے بہت کم وقت میں ضلع گجرات میں نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے ، جس کا سہرا کالج کی پرنسپل اور دیگر سٹاف کو جاتا ہے اس سے قبل کالج کی کارکردگی انتہائی مایوس کن تھی ، بہت کم عرصہ میں کالج نے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لیا ہے۔
میں امید کرتا ہوں کہ اسی طرح دن رات محنت کر کے یہ کالج ترقیوں کی منازل کی طرف بڑھتا جائے گا ، اور اپنا نام پورے پاکستان میں روشن کرے گا ، انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ سے کالج کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا تعاون جاری رکھوں گا اور ترجیح بنیادوں پر اس کے مسائل کے حل کروں گا ، انہوں نے مزید کہا کہ کالج سٹاف اور طالبات دل لگا کر محنت کریں تا کہ جس طرح یہ کالج تعلیمی میدان ، سپورٹس اور دیگر سرگرمیوں میں نمایاں اسی طرح اندرون و بیرون ملک اپنے ملک و شہر کا نام روشن کرتا رہے۔
طالبات کو چاہیے کہ وہ سارا سال ضائع کرنے کی بجائے اپنی تعلیم کی طرف بھرپور توجہ دیں اور حکومت پنجاب کی شعبہ تعلیم میں کیے گئے انقلابی اقدامات سے فائدہ حاصل کرکے عملی زندگی میں کامیابیوں کے ساتھ حصہ لے سکیں ، مس ثوبیہ عامر ، مس زمرد اور مس آسیہ یونس نے بھی اپنے خطاب کے دوران کالج کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ کالج انتظامیہ انتہائی لگن سے کام کر رہی ہے۔
طالبات کو تعلیم کے فروغ سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے اور ہم اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ طالبات محنت اور لگن سے کامیابی کی بلندیوں کو چھو کر ملک و قوم کام نام روشن کریں، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد افضل نے بہترین کارکردگی پر مس آسیہ یونس اور عندلیب مرزا کو اپنی جانب سے نقد انعام دیا جبکہ طالبات میں سرٹیفکیٹ اور انعامات بھی تقسیم کیے۔