حکومتی مذاکراتی کمیٹی اختلافات کا شکار ہے: شیخ رشید

Sheikh Rasheed

Sheikh Rasheed

اسلام آ باد (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ طالبان سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی میں اختلافات پیداہو چکے ہیں۔

طالبان اور افواج کو آن بورڈ لیے بغیر مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے۔ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوکرٹی وی تک محدود ہو گئی ہے۔ وفاقی پولیس مکمل طورپر نکھٹو اورناکارہ بن چکی ہے، وہ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد کچہری میںپیش آنے والے افسوسناک اور قابل مذمت سانحے کے بعدیہ بات واضح ہو چکی ہے کہ وفاق مکمل طور پر غیرمحفوظ ہو گیا ہے۔ وفاقی حکومت اور پولیس عوام کے جان اور مال کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انھوں نے وفاقی پولیس کو نکھٹواور ناکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروںاور افسران کی تربیت کی سخت ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشیداحمد نے کہا کہ ابھی تک یہ واضح طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ یہ خودکش حملہ تھا یا فائرنگ ہوئی ہے۔