کراچی (جیوڈیسک) اہم حکومتی شخصیات کے پس پر دہ ڈاکٹر طاہر القادری سے رابطے جاری ہیں اورانہی رابطوں کے باعث فی الحال عوامی تحریک نے انقلابی مارچ کی تاریخ کو آگے بڑھانے کاعندیہ دیدیا ہے۔
عوامی تحریک اور تحریک انصاف میں مشترکہ احتجاجی مارچ کے معاملات اب تک فائنل نہیں ہو سکے ہیں جس کی وجہ سے طاہر القادری اور انکی اتحادی جماعتوں نے انقلابی مارچ کی تاریخ کا اتوار کو اعلان نہیں کیا۔
ان سیاسی اتحادیوں میں فی الحال اس بات پراتفاق ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے آئندہ کے سیاسی عمل کو مد نظر رکھتے ہوئے اگلی پالیسی طے کی جائے گی۔ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومتی اعلیٰ ترین شخصیت کی ہدایت پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور طاہر القادری سے مسلسل پس پردہ رابطے میں ہیں۔
اور ان رابطوں میں انھیں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اپنے تمام امور پر حکومت سے مذاکراتی آپشن پر بات کریں اور فی الحال اپنے انقلابی مارچ کی تاریخ کو تبدیل کر دیں۔
اس حوالے سے طاہرالقادری نے حکومتی پیغام پر اپنے قریبی رفقاسے طویل مشورے کیے ہیں اور اس مشاورت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث فی الحال انقلابی مارچ کی تاریخ کا تعین آئندہ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
چوہدری برادران اورعوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو بھی انھوں نے اس حوالے سے اعتماد میں لے لیاتاہم ان جماعتوں کے درمیان اب تک انقلابی مارچ کے نکالنے کی حتمی تاریخ کے حوالے سے کوئی حکمت عملی طے نہیں ہوسکی ہے۔