برمنگھم (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عدل اور انصاف کرنے والی قومیں عظیم بن گئیں لیکن جن قوموں کا نظریہ نہیں ہوتا، وہ مر جاتی ہیں۔ پاکستان ایک بہت عظیم خواب کا نام تھا۔ ہمیں یہ بات بھولنی نہیں چاہیے۔
پاناما میں ڈالروں سے کمپنیاں بنانے والوں کی وجہ سے پاکستان برباد ہوتا ہے۔ برطانوی شہر برمنگھم میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انصاف کا مطلب یہ ہے کہ ہر کوئی قانون کو جواب دہ ہے، یہ نہیں کہ وزیراعظم ٹیکس چھپائے اور اسے کوئی نہ پکڑ سکے۔
جمہوریت میں لیڈر شپ ڈنڈے کے زور نہیں مورل اتھارٹی پر ہوتی ہے۔ نواز شریف پاناما لیکس معاملے پر جواب دینے کے بجائے دوسروں پر حملے کر رہے ہیں۔ میں نے کہا کہ نواز شریف نے منی لانڈرنگ کی۔ اس کے جواب میں مجھے چپ کرانے کے لیے (ن) لیگی جمائما کے گھر کے باہر مظاہرہ کر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی طرح پارلیمنٹ میں صفائی دینا چاہیے تھی۔ تاہم جواب دینے کے بجائے سب سے بڑے خیراتی ادارے کو نشانہ بنایا گیا۔ اگر شوکت خانم نے کوئی غلط کام کیا تو کیا پاناما لیکس کی وجہ سے یاد آنا تھا؟۔ شرم اور حیا ہوتی تو کیا یہ ایسے کر سکتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستان کے لیے سب سے زیادہ قیمتی ہیں۔ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی اپنی محنت کا پیسہ پاکستان بھیجتے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے لیے پوری جدوجہد کروں گا۔ دوہری شہریت رکھنے والوں کو بھی پاکستان میں موقع ملنا چاہیے۔