حکومت انسداد دہشتگردی پالیسی میں دہشتگردی کی مکمل تعریف کرے

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس، عسکری قیادت نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سخت سے سخت قوانین بنانے کی سفارش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق عسکری قیادت نے کابینہ کی دفاعی کمیٹی کو دہشتگردی سے متعلق بریفنگ دی ہے۔

عسکری قیادت نے کہا ہے کہ حکومت انسداد دہشتگردی کی مجوزہ پالیسی میں دہشتگردی کی مکمل تعریف کرے، انسداد دہشتگردی پالیسی بارے طویل المدتی اقدامات کیساتھ قلیل المدتی اقدامات بھی تجویز کیے جائیں۔ عسکری قیادت نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سخت سے سخت قوانین بنانے کی سفارش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق عسکری قیادت نے بریفنگ کے دوران یہ بھی کہا ہے کہ فیصلہ کیا جائے تحریک طالبان پاکستان کے بین الاقوامی خفیہ ایجنسیوں سے تعلقات کس حد تک منظر عام پر لانے ہیں، یہ تعلقات منظر عام پر لائے بغیر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عوامی حمایت حاصل نہیں ہو سکتی۔ عسکری قیادت نے واضح کیا ہے۔

کہ لائن آف کنٹرول کی صورتحال پاکستان کی مغربی سرحدوں کی صورتحال سے جڑی ہوئی ہے، افغانستان کے مستقبل کیلیے بھارت اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام ہو گیا، پاکستان کیلیے افغانستان کا بہترین حل افغان اتحادی حکومت کا قیام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل سیکورٹی پالیسی کیلیے کمیٹی بنائے جانے کا امکان ہے۔