اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت تین سال میں پاکستان کو نادہندہ ہونے سے بچاکر ترقی و استحکام کی راہ پر لے آئی ہے، عدم استحکام سے بچنے کے لیے اداروں کو مضبوط بنانا اور کھینچا تانی سے گریز کرنا ہوگا ۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے لاہورمیں یونیورسٹی ا ٓف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین سال پہلے پاکستان ڈیفالٹ ہونے جارہا ہے تھا تاہم موجودہ حکومت اسے استحکام کی طرف لے آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت قررادیا جارہاہے، یہ استحکام برقرار رہا تو بےروزگاری اور لوڈشیڈنگ کےاندھیرے دور کرنے میں مدد ملے گی ۔
احسن اقبال کا کہناتھا کہ حکومت پر تنقید فیشن بن چکا ہے، پاناما لیکس سے کچھ نہیں نکلے گا، حکومت چلتی رہے گی، سسٹم کو ڈی ریل کیا گیا تو سی پیک کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری گلے پڑ جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈیڑھ سال میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائےگی اورکئی بڑے ڈیموں کی تعمیر بھی شروع کردی جائےگی۔