حکومت نے کریک ڈاؤن کیا تو وہ کچھ ہو گا جس کا حکمران تصور بھی نہیں کر سکتے، طاہر القادری

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پی ٹی وی پر حملے کے نام پر حکمران ہم پر کریک ڈاؤن کرنے والے ہیں اگر حکومت باز نہ آئی تو وہ کچھ ہوگا جس کا حکمران تصور بھی نہیں کرسکتے۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ لوگوں کے نظریات میں تبدیلی آچکی ہے،انقلاب اب لوگوں کے دلوں میں آچکا ہے جو سیلاب بننے والا ہے اور یہ بہت جلد جاگیرداروں اور وڈیروں کو بہا لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر حملے کے ڈرامے کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں، حکومت حملے کے نام پر غنڈہ گردی پر اتر آئی تو انجام برا ہوگا کیونکہ حکمران پی ٹی وی پر حملے کی آڑ میں ہم پر کریک ڈاؤن کرنے والے ہیں، حکومت نے اگر حملہ کیا تو دفاع کے لیے خود نکل پڑوں گا اور اس کی ذمہ دار بھی وفاقی حکومت ہی ہوگی اور پھر وہ کچھ ہوگا جس کا حکمران تصور بھی نہیں کرسکتے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اگر عوامی تحریک کے کارکن پی ٹی وی میں داخل ہوتے تو کچھ نہیں بچتا ہم ادارے پر حملے کرنے والوں کو پہچان چکے ہیں جن میں 6 افراد پی ٹی وی کے ہی ملازم ہیں اور ٹرانسمیشن بند کرنے والاپی ٹی وی کا ہی انجینئر تھا۔