حکومت کے ابتدائی 100 روز مکمل ہونے پر جناح کنونشن سینٹر میں تقریب

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان اب سے کچھ دیر بعد قوم کو اپنی حکومت کے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے نتائج اور کارکردگی کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔

اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں تقریب جاری ہے جس میں وفاقی وزراء سمیت حکومتی شخصیات سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہزاد ارباب کا کہنا تھا کہ 36 میں سے یہ 18 اہداف حکومت نے 100 دن میں حاصل کیے ہیں۔

انہوں نے کہا پانی کے تحفظ اور خوارک کے تحفظ کے لیے بنیادی کردار ادا کریں گے، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کو ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل پروٹیکشن پروگرام وزیراعظم کے دل کے بہت قریب ہے، یہ پروگرام حکومت کے فلیگ شپ پروگرام میں سے ایک ہو گا اور اس پروگرام سے دو کروڑ افراد کو غربت سے نجات ملے گی۔

بلین ٹری سونامی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد ارباب کا کہنا تھا کہ 10 بلین ٹری سونامی، دیگر ممالک میں سب سے بھرپور شجرکاری مہم ہے، اس مہم کے ذریعے پانچ سال میں ملک بھر میں 10 بلین درخت اگائے جائیں گے۔

جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کا تحریک انصاف نے نہ صرف وعدہ بلکہ عزم بھی کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 30 جون 2019 سے پہلے جنوبی پنجاب کے لیے الگ سیکریٹریٹ بنا دیا جائےگا۔

شہزاد ارباب نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب کے لیے الگ ایڈیشنل سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے اور جنوبی پنجاب کے لیے الگ سالانہ ترقیاتی پروگرام ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ فاٹا کا مرحلہ وار انضمام ابھی جاری ہے، فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کو حتمی شکل دے رہے ہیں جب کہ قبائلی اضلاغ میں تیز رفتار ترقی کے لیے پروگرام پر آئندہ دو ماہ میں کام شروع ہوجائے گا۔

شہزاد ارباب کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی سمجتھے ہیں اور بلوچستان کے عوام کی اجنبیت کا احساس ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قیادت سے بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم اپنے خطاب کے دوران قوم کو سادگی و کفایت شعاری مہم، نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے،گورننس، معاشی بہتری اور عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم مختلف ٹاسک فورسز کی کارکردگی پر بھی بات کریں گے، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور خارجہ پالیسی میں بہتری کے اقدامات سے بھی قوم کو آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے قیام کے 100 روز پورے ہوگئے ہیں اور وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور وزراء نے اپنے اداروں اور محکموں کی رپورٹس وزیراعظم کو پیش کردیں جس پر انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی ترقی کی سمت کا تعین کردیا ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی بلند کرنے کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔