کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کو 10 دن میں محکمہ بہبود آبادی کے ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے محکمہ بہبود آبادی کے ملازمین کی درخواست کی سماعت کی، درخواست میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ نے جون 2015 میں محکمہ بہبود آبادی کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے اور انہیں تنخواہوں کی ادائیگی کے احکامات جاری کئے تھے لیکن کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی عدالتی حکم پرعمل نہیں کیا گیا اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ مدعاعلیہان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سماعت کے دوران فاضل جج صاحبان نے عدالتی احکامات کے باجود ملازمین کو مستقل نہ کرنے پرعدالت کا اظہار برہمی کیا تو سیکریٹری بہوبود آبادی نے بتایا کہ ملازمین کو مستقل کرنے کی سمری وزیراعلیٰ کے پاس بھیج دی ہے، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ 10 دن میں محکمہ بہبود آبادی کے ملازمین کو مستقل کیا جائے بصورت دیگر چیف سیکرٹری اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔