گورنمنٹ ڈگری کالج لیاقت پور میں انسداد ڈینگی آگاہی مہم کے سلسلے میں سیمینار کا اہتمام کیا گیا

بہاولپور: گورنمنٹ ڈگری کالج لیاقت پور میں انسداد ڈینگی آگاہی مہم کے سلسلے میں سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر کالجز بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر الطاف احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خلاف آگاہی پیدا کر کے قوم کا مستقبل روشن کر سکتے ہیں۔

آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہمارے نوجوان ڈینگی کے خلاف مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اس موذی وباء سے چھٹکارا حاصل ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ارد گرد کا ماحول صاف رکھ کر اور احتیاط برت کر اس سے بچ سکتے ہیں۔

تقریب سے پروفیسر محمد شفیق خان نے بھی خطاب کیا اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں مفصل لیکچر دیا۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ثاقب حسن، وائس پرنسپل پروفیسر شفیع بھٹی اور پروفیسر محمد عبدالباسط سمیت طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔