گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین میں حقوق گاہک کی پاسداری کے عنوان سے ایک تقریب کا اہتمام

Ceremony

Ceremony

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ضلعی تحفظ صارف کونسل کے زیر اہتمام گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین میں حقوق گاہک کی پاسداری کے عنوان سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمانان خصوصی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنزیومر کونسل گوجرانوالہ ملک عاصم اور اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رائو سہیل اختر تھے۔ اس موقعہ پر سابق صوبائی وزیراوقاف شاہنواز چیمہ، شیخ پروین، حافظ مشتاق کوکب اورکالج کی طالبات بھی موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنزیومر کونسل ملک عاصم کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے کی بنیادی حیثیت اور معاشی وسماجی مقام کا اندازہ اس معاشرے میں رہنے والے افراد کو فراہم ہونے والی خدمات اور اشیائے خوردونوش ودیگر مصنوعات کے معیار سے ہوتا ہے۔ہمارے ہاں صارفین کو اپنے حقوق کے متعلق آگہی نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس بارے میں زیادہ سے زیادہ شعور کی بیداری کی ضرورت ہے۔

دنیا بھر میں وہی معاشرے مثالی تصور کئے جاتے ہیں جہاں صارفین کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے میدان عمل میں ہے ۔پنجاب تحفظ صارف ایکٹ 2005 پر عملدرآمد کرتے ہوئے صارفین کو معیاری اشیاء کی فراہمی اور بہترین سروسز کاسلسلہ یقینی بنایا جارہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رائو سہیل اختر نے بتایا کہ پنجاب تحفظ صارف قانون 2005ء کے نفاذ کے بعد ضلع گوجرانوالہ کے ہزاروں صارفین اور خریداروں نے اپنے حقوق حاصل کئے اور ضلع تحفظ صارف کونسل وضلعی صارف عدالت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔