حکمرانوں نے جمہوریت کا امیج برباد کر دیا ہے۔ سولنگی اتحاد

Democracy

Democracy

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی یہ بات برحق ہے کہ سیاہ بادل وفاق کو گھیرے میں لے رہے ہیں کیونکہ جمہوریت کے نام پر اقتدار پانے والوں نے مفادپرستی ‘ کمیشن وصولی اور کرپشن کے ساتھ عوامی استحصال ‘ قومی اداروں کی تباہی ‘ نا انصافی ‘ جبرو زیادتی اور غیر جمہوری روایات کے ذریعے نہ صرف ملک کو نازک دوراہے پر لاکھڑا کیا ہے بلکہ جمہوریت کا مستقبل خطرے میں ڈالنے کیساتھ عوام کیلئے جمہوریت کا امیج بھی تباہ و برباد کر دیا ہے۔

پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی ‘سردار شبیر سولنگی ‘ سردار اکرم سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی و دیگر نے کہا ہے کہ جمہوریت کی قیام ‘ تحفظ اور استحکام کیلئے ہمیشہ قربانیاں دینے والے عوام بھی اب حکمرانوں کے اعمال کے باعث جنرل راحیل شریف کی جانب دیکھ رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جمہوریت پر اس سے برا وقت کبھی نہیں آیا تھا اور نہ آسکتا ہے جس کے ذمہ دار عوامی و قومی مفادات پر ذاتی و گروہی مفادات کو ترجیح دیکر عوام کا استحصال اور انہیں مصائب و آلام سے دوچار کرنے والے حکمران ہیں۔